جھنگ:اتائی کے غلط آپریشن سے 27سالہ خاتون جاں بحق
ٹی ایچ کیو میں سہولیات کی کمی کا کہہ کر مریضہ سائرہ کو نجی کلینک بلایا ،حالت بگڑ گئی
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )تحصیل احمد پور سیال میں مبینہ اتائی کے غلط آپریشن کے باعث 27 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والی خاتون سائرہ بی بی کے بھائی مدثر عباس اور خاوند اخلاق احمد نے پریس کلب جھنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔لواحقین کے مطابق وہ سائرہ بی بی کو زچگی کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور سیال لے گئے تھے ، جہاں ہسپتال کی خاتون اہلکار خزینہ بتول نے مبینہ طور پر سرکاری ہسپتال میں سہولیات کے فقدان اور ڈاکٹرز کی عدم توجہی کا جواز بنا کر مریضہ کو اپنے نجی کلینک لے جانے کا مشورہ دیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ نجی کلینک میں آپریشن کے دوسرے روز سائرہ بی بی کی حالت بگڑ گئی، جس پر مبینہ طور پر اسے کسی دوسرے ہسپتال منتقل کرنے کا کہہ کر ڈسچارج کر دیا گیا۔بعدازاں مریضہ کو دوبارہ ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور سیال لایا گیا، جہاں حالت تشویشناک ہونے پر اسے نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔ لواحقین کے مطابق سائرہ بی بی کئی روز تک نشتر ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ سائرہ بی بی تین کمسن بچوں کی ماں تھی۔ لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments