لاڑکانہ میں دیرینہ دشمنی پرباپ اور2بیٹوں سمیت 5 افراد قتل
رتوڈیرو میں جیکب آباد روڈ پرملزمان دکان پر اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہوگئے وزیرداخلہ کا نوٹس، ڈی آئی جی سے رپورٹ طلب، ملزمان گرفتاری کیلئے ناکہ بندی
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)رتوڈیرو کے جیکب آباد روڈ پر زرعی زمین کے تنازع پر جاری دیرینہ دشمنی کے دوران مسلح افراد نے دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں رجب علی گھانگرو، ان کے دو بیٹے قربان علی اور ریاض حسین، رشتے دار رجب گھانگرو اور راہگیر عبداللہ بروہی جاں بحق ہوگئے ۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ اور دیگر قانونی کارروائیاں شروع کردیں۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کرتے ہوئے مختلف ٹیمیں روانہ کردیں، دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ اظہر مغل نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے واقعے کے متعلق تفصیلات معلوم کیں، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
ایس ایس پی نے کہا کہ جیکب آباد روڈ پر 5 افراد کا قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے ، گھانگرو، ڈاہانی، بروہی برادریوں میں دشمنی کی بنا پر پہلے بھی 13 قتل ہوئے ہیں، قاتلوں کی نشاندہی ہو چکی جلد گرفتار کر لیے جائیں گے ، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو سخت سزائیں دلوائیں گے ، دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر داخلہ نے ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے ، تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے ، مؤثر ناکہ بندی اور سرچ آپریشن کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ضیاء الحسن لنجار نے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر سکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments