یکی گیٹ:ٹرالر تلے آکر موٹر سائیکل سوار 2 دوست جاں بحق
موٹرسائیکل سوار اوورٹیکنگ کرتے گر گئے ،22ویلر ٹرالرنے کچل دیا 17سالہ حسن اور حمزہ موقع پر دم توڑ گئے ، ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر فرار
لاہور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )صوبائی دارالحکومت میں یکی گیٹ کے قریب تیز رفتار 22ویلر ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار 2 نوجوان دوست جاں بحق ہو گئے ، پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق مستی گیٹ کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار2دوست 17 سالہ حسن اور حمزہ بائیس ویلر ٹرالر کو اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر گر گئے اورموٹرسائیکل سمیت دونوں دوست ٹرالر کے پچھلے ٹائروں تلے آگئے جس کے نتیجہ میں دونوں نوجوان موقع پر دم توڑ گئے جبکہ موٹرسائیکل تباہ ہو گئی، حادثہ کے بعد ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر فرار ہو گیا ،اطلاع ملنے پر پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا اورٹرالہ تحویل میں لے لیا ۔یاد رہے تین روز قبل لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں بھی ایک تیز رفتار 22 ویلر ٹرالے نے سگنل پر کھڑی کار کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments