لاہور :ٹریفک حادثات، 3افراد جاں بحق، کمسن بچی سمیت 3زخمی
سگیاں ٹول پلازہ کے قریب لوڈر رکشہ ٹرالر سے ٹکرا یا، عثمان ، ارسلان چل بسے ماڈل ٹاؤن انڈر پاس سے موٹر سائیکل ٹکراگئی،عدیل دم توڑ گیا، 2دوست زخمی
لاہور (کرائم رپورٹر،این این آئی)صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں المناک ٹریفک حادثات کے دوران 3افراد جاں بحق،کمسن بچی سمیت 3افراد زخمی ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ سگیاں ٹول پلازہ کے قریب راوی پل پرتیز رفتار لوڈر رکشہ بے قابو ہوکر سڑک پر کھڑے 22 ویلر ٹرالر سے جا ٹکرا یا، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 21 سالہ عثمان ولد عمران اور 24 سالہ ارسلان ولد شہباز دم توڑ گئے ، ٹریفک پولیس نے رکشہ، ٹرالر اور ڈرائیور کو تھانے منتقل کر دیا ۔ دوسری جانب کلمہ چوک کے قریب فیروز پور روڈ پر ماڈل ٹاؤن انڈر پاس کے داخلی پلر سے موٹرسائیکل ٹکرانے پر ایک نوجوان عدیل عرف بلا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے 2 دوست زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق تینوں دوست ایک موٹرسائیکل پر سوار ہو کرفیروز پور روڈ سے ماڈل ٹاؤن کی جانب رات کا کھانا کھانے جارہے تھے کہ اندھیرے اور تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل ماڈل ٹاؤن انڈر پاس کے داخلی پلر سے ٹکرا گئی،
موٹرسائیکل چلانے والا اچھرہ کا رہائشی نوجوان عدیل عرف بلا موقع پر ہی دم توڑ گیا ،دیگر زخمی 2 نوجوانوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ ادھر نشتر کالونی کے علاقہ میں آشیانہ روڈ پر ون ویلنگ کرنیوالے نوجوان کی موٹرسائیکل نے 4 سالہ بچی جویریہ کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا، پولیس نے ملزم عاصم کو شمع کالونی سے گرفتار کر لیا جبکہ زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ،جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔ پولیس نے ملزم سے موٹر سائیکل برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا اور اسے مزید تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments