شیخوپورہ:شیر خوار بچے کی حوالگی پر جھگڑا، 3خواتین قتل
مقتولین میں ملزم کی ساس ، سالی،سالے کی بیوی شامل ،لاشیں ہسپتال منتقل واقعہ گاؤں ٹھٹھہ علی میں رونما، آئی جی کا نوٹس ،آرپی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب
شیخوپورہ ، لاہو ر(ڈسٹرکٹ رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک )تھانہ صدر فاروق آباد کے علاقہ ٹھٹھہ علی میں داماد نے سسرالیوں کے گھر داخل ہوکر اپنی ساس ، سالی اورانکی بہو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ سسرال نے دیواریں پھلانگ کر ہمسایہ کے گھر چھپ کر جان بچائی ۔بتایا گیا ہے کہ ڈیڑھ سال قبل گجیانہ کے رہائشی انتل عباس کی شادی ذوالفقار علی کھرل کی بیٹی سے ہوئی جن سے ایک بچہ پیدا ہواجس کا نام روحان اور عمر 9ماہ ہے ۔انتل عباس کا اپنی بیوی سے اکثر جھگڑا رہتا تھا جس سے وہ ناراض ہوکر اپنے میکے آگئی اور خلع حاصل کرلیا ،گزشتہ روز عدالت نے روحان کو اسکی ماں کے حوالے کردیا تو کچہری میں انتل عباس نے دھمکیاں دینا شروع کردیں کہ بچہ چھیننے کامزہ جلد چکھاؤں گا اور انتل عباس نے اپنے ساتھی ارسلان کے ہمراہ گزشتہ صبح اپنے سسرالیوں کے گھر داخل ہوکر پمپ ایکشن سے اپنی ساس نجمہ بی بی ،سالی شمائلہ اور انکی بہو جمیلہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے ،
عینی شاہدین کے مطابق ملزم ایک سفید رنگ کی کار جس میں چار نامعلوم افراد سوار تھے اور ایک بلا نمبری موٹرسائیکل جس پر انتل عباس اور ارسلان سوار تھے ،آئے اور کارروائی کرکے فرار ہوگئے ،تھانہ صدر فاروق آباد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے ۔دوسری جانب آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments