چیچہ وطنی : ہنڈی کا کاروبارکرنیوالے 2کارسوار ملزم گرفتار
ملزموں سے غیر ملکی اور پاکستانی کرنسی کے 5 کروڑ 40 لاکھ روپے برآمد ایف آئی اے ساہیوال ٹیم نے مخبری پر ہڑپہ ٹول پلازہ پر چھاپہ مارکر کارروائی کی
چیچہ وطنی(نمائندہ دنیا) ایف آئی اے ساہیوال نے چھاپہ مار کر کار سوار افراد محمد اویس اور محمد نعیم کو غیر قانونی ہنڈی کا کاروبارکرنے کے الزام میں گرفتارکر لیا ۔ملزموں کے قبضہ سے غیر ملکی اور پاکستانی کرنسی کی شکل میں 5 کروڑ 40 لاکھ 40 ہزار روپے برآمدکر لئے گئے ۔ ایف آئی اے کو اطلاع ملی کہ خانیوال کے محمد نعیم حسین ولد سید مقبول حسین شاہ گلی نمبر 10جناح ٹاؤن میاں چنوں اور محمد اویس ولد عنایت اﷲ مکان نمبر 109گلی نمبر 5،کے ایچ ٹاؤن میاں چنوں ضلع خانیوال بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی لے کر کار نمبر 614 ڈی جے یو میں لے کر جا رہے ہیں جس پر ایف آئی اے کے انسپکٹر کاشف حسین علوی کی قیادت میں ایک ٹیم نے ہڑپہ ٹول پلازہ کے قریب چھاپہ مار کر دونوں ملزموں کو گرفتارکر لیا اور کار کے مخصوص حصوں میں چھپائے گئے غیر ملکی کرنسی کے 76لاکھ روپے مالیت، ایک گرے رنگ کے شاپر بیگ سے چار کروڑ 64لاکھ 40ہزار روپے کار کے مخصوص حصہ سے برآمد کر لیے ،دو موبائل بھی قبضہ میں لے لیے اور ملزموں کو گرفتارکر کے ایف آئی اے ساہیوال منتقل کر دیا۔ ایف آئی اے ساہیوال نے کاشف حسین علو ی انسپکٹر کی مدعیت میں مقد مہ زیر دفعہ 4,5,8, اور 23 فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 اور 109 ت پ درج کر لیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments