مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات ، 13افراد جاں بحق، 15 زخمی
لاہور،قصور میں 1،1،ننکانہ میں 2 افراد نے دم توڑا، لاشیں ہسپتال منتقل
لاہور، ننکانہ صاحب ،قصور،اوگی (کرائم رپورٹر، نمائندگان دنیا)لاہور سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 13افراد جاں بحق، 15افراد زخمی ہو گئے ،لاہور میں ایک، ننکانہ صاحب 2 ،قصور ایک ،پختونخوا کے ضلع تورغر میں خاندان کے 8افراد سمیت 9شہری دم توڑ گئے ،تمام زخمی متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ گجرپورہ میں کرول گھاٹی انڈر پاس کے قریب تیز رفتار کار نے 46 سالہ شہباز کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ادھر ننکانہ صاحب میں بچیکی سیدوالا روڈ پر موضع ڈھاری جٹاں کے قریب تیز رفتار کنٹینر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 30 سالہ اشفاق موقع پر چل بسا جبکہ اس کا 27 سالہ ساتھی محمد عمر شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں واربرٹن روڈ پر جسلانی
موڑ کے قریب 4 موٹر سائیکلوں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں اسد، غازی انعام اﷲ،احمد، عبدالوہاب وغیرہ 6افراد شدید زخمی ہو گئے ،اسی طرح بچیکی سٹی ننکانہ موڑ کے قریب تین موٹر سائیکلوں کے تصادم کے دوران ایک بے قابو ہو کر ڈمپر سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں 17 سالہ اویس موقع پر ہی دم توڑ گیا اور 28 سالہ فیصل شدید زخمی ہو گیا۔ ادھر قصور میں نیشنل ہائی وے پھولنگرپرپیپر ملز کے قریب کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 19 سالہ شمعون جاں بحق جبکہ 30 سالہ وقاص زخمی ہو گیا۔ ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں مسافر ویگن بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سمیت 9 جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 6 افرادزخمی ہو گئے ۔ تمام حادثات کے زخمیوں کو متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ، بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ ضروری کارروائی کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments