خیبر ایجنسی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی کا دورہ اور سارا دن پاک افغان بارڈر پر اگلے مورچوں پر گزارا۔ آرمی چیف نے پاک افغان سرحد کے قریبی علاقوں میں آپریشن کا جائزہ لیا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شریک افسروں اور جوانوں کے پیشہ ورانہ عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے انسداد دہشتگردی میں سیکورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر ایجنسی سے دہشت گردوں کا تقریباً صفایا کر دیا گیا ہے۔ غیر متزلزل قومی عزم اور واضح سوچ کے باعث پاکستان کو دہشتگردی سے پاک بنانے کی ذمہ داری پوری ہوگی۔ قوم کے تعاون سے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔ پاکستان کو دہشتگردی سے پاک ملک بنائیں گے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر کے قریب کچھ دہشت گردوں سے جنگ جاری ہے۔ کسی دہشت گرد کو دوبارہ پاؤں نہیں جمانے دیں گے۔ دہشتگردوں کے ہمدردوں اور مالی مدد کرنیوالوں کو بھی پکڑیں گے۔ ملک سے تمام دہشتگردوں اور ان کے معاونین کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ واضع رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف دورہ روس کے بعد گزشتہ روز ہی وطن پہنچے ہیں۔