ملکی درآمدات کا حجم بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

اسلام آباد :(ویب ڈیسک ) آئی ایم ایف کی شرط پر امپورٹ پالیسی میں نرمی کے باعث مئی میں ملکی درآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا۔

سٹیٹ بینک نے درآمدات و برآمدات اور تجارتی خسارے کے اعداد و شمار جاری کردیئے، پاکستان کی ماہانہ درآمدات اوسطاَ سوا 4 ارب ڈالر سے بڑھتے بڑھتے پانچ ارب ڈالر پر جا پہنچی ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مئی میں پاکستان کا تجارتی خسارہ ایک فیصد بڑھ کر دو ارب 10 کروڑ ڈالر رہا، مئی میں پاکستان نے 4 ارب 95 کروڑ ڈالر کی اشیاء درآمد کیں جبکہ اس عرصے میں پاکستان سے دو ارب 84 کروڑ ڈالر کی اشیا باہر برآمد کی گئیں۔

اعداد وشمار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی میں سالانہ بنیاد پر برآمدات میں 29 فیصد اور درآمدات میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رواں مالی سال کے 11 ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ 21 ارب ستر کروڑ ڈالر رہا، 11 ماہ میں درآمدات 49 ارب 85 کروڑ ڈالر جبکہ برآمدات 28 ارب 11 کروڑ ڈالر رہیں۔

بینکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی ہدایت پر پاکستان امپورٹ پالیسی بتدریج نرم کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں