خیبرپختونخوا واجبات کی عدم ادائیگی، بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہے: مزمل اسلم

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ایک طرف واجبات کی عدم ادائیگی اور دوسری طرف بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہے۔

اپنے ایک بیان میں مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف اہداف حاصل کرنے کے لئے وفاق دو کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کو 158.14 ارب روپے پن بجلی اور ونڈ فال لیوی کی مد میں جاری کرنا ہوں گے، وفاق کو 144.6 ارب روپے ضم اضلاع کی مد میں جاری کرنا ہوں گے۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دو سال میں ضم اضلاع کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا، وفاق نے ضم اضلاع کے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 66 ارب روپے رکھے جو ناکافی ہیں۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ دوسری طرف وفاق سستی ترین بجلی کے واجبات بھی ادا نہیں کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں