مہنگی بجلی : ملک بھر میں سولر پینلز لگوانے کے ریکارڈ ٹوٹ گئے
کراچی: (دنیا نیوز) بجلی کی اضافی قیمتوں کے باعث ملک بھر میں سولر پر پینلز لگوانے کے ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
نیپرا کی مالی سال 2023 کی اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہریوں نے آف گرڈ اور آن گرڈ بڑی تعداد میں سولر پینلز نصب کرالئے ہیں، ملک بھر میں سب سے زیادہ سولر پینلز اور نیٹ میٹرز لگوانے والوں میں لاہور سرفہرست ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیسکو میں مالی سال 2023 میں 19 ہزار سے زائد صارفین نے نیٹ میٹرز لگوائے، اسلام آباد کے شہری نیٹ میٹرنگ میں دوسرے نمبر پر رہے، آئیسکو میں مالی سال 2023 کے دوران 14 ہزار 958 صارفین نے نیٹ میٹر لگوائے۔
حیران کن طور پر نیٹ میٹرنگ کے معاملے میں ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی نیٹ میٹرنگ میں تیسرے نمبر پر رہا، کراچی میں مالی سال 2023 میں نیٹ میٹرز کی تعداد 4 ہزار 512 رہی، مالی سال 2024 میں اس میں اضافہ ہوا اور یہ تعداد اب تک 6300 کے قریب پہنچ گئی ہے۔
نیپرا کی سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر مالی سال 2023 میں 48 ہزار 689 نیٹ میٹر لگے، نیٹ میٹر میں کمرشل کی تعداد ملک بھرمیں 4 ہزار 229 ہے صنعتی صارفین کی تعداد 2 ہزار 303 ہے، نیٹ میٹرز لگوانے والوں میں زیادہ تعداد رہائشی صارفین کی ہے ، صنعتی علاقوں میں بھی نیٹ میٹرز لگوانے والوں کی تعداد میں دگنا اضافہ دیکھا گیا ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی میں بڑی تعداد میں نیٹ میٹرز لگنے سے کچھ علاقوں میں مزید نیٹ میٹرنگ لگنا ممکن نہیں رہا، ان علاقوں میں ڈی ایچ اے، گلشن اقبال، محمد علی سوسائٹی، پی ای سی ایچ ایس ،کلفٹن ،کورنگی ،ایف بی ایریا اور نارتھ کراچی شامل ہیں، ان علاقوں میں پی ایم ٹی 80 فیصد کیپسٹی پوری کر چکی ہیں۔
نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا قوانین کے تحت پی ایم ٹی پر 80 فیصد لوڈ تک نیٹ میٹرز نصب کئے جاسکتے ہیں جبکہ اس سے زائد پر نیٹ میٹر نہیں لگ سکتا، نیپرا قوانین کے تحت کیپسٹی بڑھانے کے لئے صارف کو اضافی اخراجات دینا ہوتے ہیں۔