بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ، مری، گلیات، ایوبیہ میں برفباری، قدرتی حسن مزید نکھر گیا
مری: (دنیا نیوز) بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑی، مری ، گلیات، نتھیا گلی،ایوبیہ میں برفباری سے سیاحتی مقام کا قدرتی حسن مزید نکھر گیا۔
برفباری سے سیاح لطف اندوز ہوتے رہے، آزاد کشمیر میں بھی شدید سردی پڑی، پونچھ میں بنجوسہ جھیل جم گئی، بالائی وادی نیلم میں پارہ منفی 19 تک گر گیا، گلگت بلتستان میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اوسط درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
لہہ منفی 9، سکردو منفی 8، گوپس میں پارا منفی 7 تک گر گیا، استور، گلگت اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 05 ریکارڈ، بگروٹ، کالام اور قلات میں ٹمپریچر منفی 4 سینٹی گریڈ، چترال، دیر، ہنزہ میں پارا منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں خشک سردی کا خاتمہ ہوگیا، رم جھم سے سموگ میں بھی کمی ہوگئی، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کردی، پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بادل برسے۔