ہمارا آرمی ایکٹ عالمی قوانین کے مطابق ہے: طلال چودھری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) طلال چودھری نے کہا ہے کہ 9مئی والوں کو سزاؤں میں تاخیر ہوچکی ہے ہمارا آرمی ایکٹ عالمی قوانین کے مطابق ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ دنیابھرمیں بہت سی سزائیں اپنےاپنےقوانین کےمطابق ہوتی ہیں،کوئی دہشتگردی کرتاہےتوانسداد دہشتگردی عدالت فیصلہ کرتی ہے،پی ٹی آئی کواعتراض ہےسزائیں فوجی عدالتوں سےنہیں دوسری عدالتوں سےہونی چاہئیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی یہ نہیں کہتی کہ9مئی والے بےگناہ ہیں، پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا اپیل کریں گے ،ملزمان کو معاف کیا جائے، پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے تسلیم کیا کہ ملزمان نے جرم کیا ہے، سویلین کا ملٹری ٹرائل عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں۔
طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک لابسٹ پی ٹی آئی کی فنڈنگ سےچلتے ہیں، پی ٹی آئی کو اپنے ماسٹرمائنڈ کو بچانا ہے جو اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا شخص ہے، سزائیں ہوتی رہیں گی، کسی قسم کا این آر او نہیں ملے گا، بات چیت کا یہ مطلب نہیں کہ این آر او دیا جائے،9 مئی والوں کو سزاؤں میں تاخیر ہوچکی ہے۔