موجودہ اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی: چودھری انوارالحق

مظفرآباد ( محمد اسلم میر سے ) وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

مظفر آباد میں وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ صرف قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور بلدیاتی نمائندوں کے پاس ہے، میرے ساتھ جو 22 ارکان اسمبلی فارورڈ بلاک کے ہیں، ہم کسی بھی وقت نئی سیاسی جماعت بنا سکتے ہیں اور اس حوالے سے مرحلہ وار مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی والے سیاسی دکان چمکا رہے ہیں، ان کی اپنی مرضی ہے کہ وہ اس دکان پر کیا بیچنا چاہتے ہیں، مجھے گھر بھیجنے والوں کے لئے پیغام محبت ہے کہ 27 ارکان اسمبلی کو چائے کی پیالی پر اکٹھا کریں اور ان سے دستخط لے کر نیا وزیر اعظم لائیں، میں گھر چلا جاؤں گا۔

چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں عوام کے مطالبات پورے ہو رہے ہیں، ہم اپنے ویژن کے مطابق اتحادیوں کو ساتھ ملا کر آگے بڑھیں گے، اقتدار اللہ کی امانت ہے اور کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ سستا آٹا اور سستی بجلی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بجلی چوروں کو اب نہیں چھوڑیں گے، بجلی کا بل ہر ایک سے وصول کریں گے، استعفی کا مطالبہ کرنے والے اپنے اقتدار کی خواہش کو طول دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے سیاست اور ریاست دونوں کا علم ہے، صدارتی آرڈیننس لانے اور واپس لینے میں کوئی بد نیتی نہیں تھی، آرڈیننس کی آڑ میں کچھ لوگ موجودہ حکومت کو کمزور کرنا چاہتے تھے، جس اتحادی حکومت کا میں سر براہ ہوں اس نے طاقت کے توازن کو بر قرار رکھنے کے لئے اہم کر دار ادا کرنا ہے۔

چودھری انوار الحق نے کہا کہ میری کامیابی یہ ہے کہ حکومت نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کئے جبکہ بھارت اس کو کسی اور رنگ میں دیکھنا چاہتا تھا جس میں ان کو ناکامی ہوئی، دشمن کی سرمایہ کاری ڈوب گئی، ہندوستان ناکامی کے بعد اگلے مر حلے پر آزاد جموں و کشمیر میں دہشت گردی کرنا چاہتا ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیرکا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے میرے لئے مہم چلائی، سوشل پر و ٹیکشن فنڈ کا آغاز ہو گیا ہے، میں نے کچھ نہیں چھپانا ہے ، بحرانی کیفیت سے نکل کر واپس اپنے ترقیاتی عمل کو جاری رکھیں گے، اب ترقیاتی رفتار چھ ماہ کے بعد آٹھ گھنٹے کے بجائے 24 گھنٹے تک بڑھائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی دوستوں نے فرط جذبات میں ریکوزیشن پر دستخط کئے لیکن پھر بھی اسمبلی اجلاس نہ ہو سکا، ہم ہر ایک کی سنیں گے اور دستخط بطور وزیر اعظم خود کروں گا، اسمبلی اجلاس اب شروع ہو گا جو اپوزیشن کی درخواست پر ختم ہو گا۔

چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کابینہ کے ساتھ ملکر ویژن 2025 کا آغاز کر رہے ہیں، بیس ماہ کی کار کردگی کو سامنے رکھ کر اب 2025 تک نوجوانوں اور علاقے کی ترقی کے لئے ایک منظم پروگرام لے کر آ رہے ہیں، نوجوانوں کو پانچ لاکھ سے بیس لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ دیں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، ریاست کی قیمت پر سیاست نہیں ہو گی، پاکستان آرمی کی وجہ سے ہم آزاد ہیں اور آزاد جموں و کشمیر میں جو امن اور بھائی چارہ قائم ہے وہ اس وجہ سے ہے کہ ایل او سی پر خاکی وردی پہنے لوگ قربانیاں دے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں