ایم ایل ون فنانسنگ کیلئے چینی حکام کو اکنامک اینڈ کمرشل قونصلر کے ذریعے خط

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) پاکستان نے اکنامک اینڈ کمرشل قونصلر کے ذریعے ایم ایل ون فنانسنگ کیلئے چینی حکام کو خط لکھ دیا۔

قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی میں ایم ایل ون کی تعمیر کیلئے پلان پر ریلوے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سے حیدرآباد ٹیسٹ پراجیکٹ کے بعد حیدرآباد سے ملتان پراجیکٹ شروع ہو گا، چینی حکام کے ساتھ کراچی سے حیدرآباد ٹیسٹ پراجیکٹ کی فنانسنگ کیلئے میٹنگ آئندہ ہفتے ہو گی۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا ہے کہ ایم ایل ون ٹیسٹ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد ٹرین کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی، ٹیسٹ پراجیکٹ میں کراچی سے حیدرآباد تک پٹڑی کے دونوں اطراف فینسنگ لگائی جائے گی۔

ریلوے ڈویژن حکام کے مطابق پاکستان میں فی کس آمدنی میں کمی کے باعث تیز رفتار ٹرین پراجیکٹ نہیں لایا جا سکتا، پاکستان کو تیز رفتار ٹرین سروس چلانے کیلئے 62 ارب ڈالر سے زائد کی ضرورت ہو گی۔

حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار ٹرین سروسز چلانے سے لاہور سے کراچی کا سفر جہاز سے زیادہ مہنگا ہو جائے گا، ایم ایل ون بننے کے بعد کراچی سے لاہور کا سفر تقریباً 10 گھنٹوں میں طے کیا جا سکے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں