کے پی حکومت کا بجلی ٹرانسمیشن لائن کے بعد سوئی گیس کنٹرول کرنے کا فیصلہ
پشاور: (عامر جمیل) خیبر پختونخوا حکومت نے بجلی ٹرانسمیشن لائن کے بعد سوئی گیس کنٹرول کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
صوبائی حکومت نے سوئی گیس سے متعلق پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے، خیبر پختونخوا میں یومیہ 400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہوتی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کی ضرورت 200 ایم ایم سی ایف ڈی یومیہ ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں پیدا ہونے والی گیس کا معاملہ اپنے کنٹرول میں لیا جائے گا۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر آفتاب عالم نے کہا کہ ہے کہ وفاق سے یومیہ صرف 100 سے 150 ایم ایم سی ایف ڈی بمشکل ملتی ہے، آئین میں واضح ہے کہ آئل اینڈ گیس پیدا کرنے والا صوبہ پہلے اپنی ضرورت پوری کرے گا، بعد میں دیگر صوبوں یا وفاق کو گیس دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا ویژن ہے کہ گیس سے متعلق پیداواری سیکٹر کو فروغ دیا جائے گا۔
آفتاب عالم نے کہا کہ صوبے میں فرٹیلائزر انڈسٹری لگائی جائے گی، سرمایہ کاروں کو راغب کیا جائے گا، ملک میں گیس ہمارے صوبے کی ہے لیکن ہمارے صوبے ہی کیلئے نہیں، گیس سے متعلق پالیسی سے نمایاں تبدیلی آئے گی۔