نیا دن نیا ریکارڈ! سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 89 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گئی
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 89 ہزار کی تاریخی سطح عبور کر گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی، 800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 89 ہزار523 کی سطح پر پہنچ گیا۔
اہم شعبوں بشمول آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، کھاد، تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور ریفائنری میں بھرپور خریداری کا رجحان دیکھا گیا، اے آر ایل، کے الیکٹرک ، ماری ، او جی ڈی سی ، پی پی ایل ، پی ایس او ، ایس این جی پی ایل ، ایس ایس جی سی ، ایچ بی ایل ، ایم سی بی ، این بی پی اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں دکھائی دیئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 88 ہزار 621 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔