یوٹیوبر رجب بٹ سمیت چار افراد کے خلاف این سی سی آئی اے میں درخواست دائر

لاہور: (محمد اشفاق) ڈکی بھائی کے اغواء کی منصوبہ بندی پر معروف یوٹیوبر رجب بٹ سمیت چار یوٹیوبرز کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان میں حیدر علی، مان ڈوگر اور رجب بٹ شامل ہیں، جنہوں نے رجب بٹ کی گاڑی میں گھات لگا کر ڈکی بھائی کے بھائی منیب کو زبردستی اغواء کیا۔

درخواست میں مزید بتایا گیا کہ رجب بٹ اور مان ڈوگر نے منیب کے منہ پر سیاہ کپڑا ڈال کر اسے گاڑی میں قید کیا جبکہ حیدر علی نے پورے واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کی، بعد ازاں منیب کو مرغیوں کے ایک پنجرے میں بند کر دیا گیا اور اغواء کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئی۔

درخواست گزار کے مطابق ڈکی بھائی نے قانونی کارروائی کرنے کے بجائے خود جا کر اپنے بھائی کو بازیاب کروایا اور اس تمام عمل کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کی وائرل ویڈیوز معاشرے میں لاقانونیت، تشدد اور انتہا پسندی کو فروغ دے رہی ہیں جو بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کے لیے گمراہ کن ہیں اور یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جرائم ایک قابلِ قبول عمل ہیں۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان کے یہ اقدامات عوامی اخلاقیات کے منافی، امن و امان کے لیے سنگین خطرہ اور ملکی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو قابلِ سزا جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں