وزیر پٹرولیم سے انڈونیشین سفیر کی ملاقات، معدنیات، تیل و گیس کی تلاش میں تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر چندرا وارسننتو کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں معدنیات اور تیل و گیس تلاش میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ انڈونیشیا اہم اسلامی ملک ہے، تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معدنی اور ایکسپلوریشن سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، انڈونیشین کمپنیاں پاکستانی ایکسپلوریشن اور منرل کمپنیوں کے ساتھ شراکت کر سکتی ہیں۔
انڈونیشین سفیر چندرا وارسننتو نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معدنی شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، انڈونیشیا کی سرکاری کمپنی پرٹامینا کے پاکستان میں تیل و گیس تلاش میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات موجود ہیں۔
اس موقع پر علی پرویز ملک نے انڈونیشیا کو PMIF 2026 میں شرکت کی دعوت دی۔