گرین پاکستان انیشیٹو کا دوسرا مرحلہ: بلوچستان کے کسانوں میں3.2ارب کے قرضے تقسیم
کوئٹہ:(دنیا نیوز) گرین پاکستان انیشیٹو کے دوسرے مرحلے میں بلوچستان کے کسانوں میں 3.2 ارب روپے کے بلا سود قرضے تقسیم کیے گئے۔
کوئٹہ میں کسانوں کو بلاسود قرضے تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں اعلیٰ فوجی اور سول افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اِس موقع پر سرفراز بگٹی کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ گرین پاکستان انیشیٹو (جی پی آئی) کے دوسرے مرحلے کے تحت بلوچستان کے 847 کسانوں میں 3.2 ارب روپے کے بلا سود قرضے تقسیم کئے گئے۔
اُنہوں نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹو کے دوسرے مرحلے میں 35609 ایکڑ رقبے پر کاشت کے لئے بلا سود قرضہ فراہم کیا گیا، کسانوں کو بلا سودقرض فراہم کرنے سے زراعت کو فروغ ملتا ہے جو ہماری برآمدات کا بڑا ذریعہ ہے۔
وزیرِاعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کسانوں کی فلاح و بہبود اور صوبے کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرےگی۔
دوسری جانب کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے بلاسود اور آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی کو مقامی کسانوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام کسان دوست اقدام ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے ا س اقدام سے نہ صرف کسانوں کے مسائل میں کمی آئےگی بلکہ بنجر زمینیں زرخیز ہوں گی ،حکومت بلوچستان کے اس اقدام سے کسان خوشحال ہوگا اور پاکستان میں زراعت کا نیا انقلاب آئے گا۔
تقریب کے دوران گرین پاکستان انیشیٹو کی کامیابیوں پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جب کہ گرین پاکستان انیشیٹو کے پہلے مرحلے میں 12 کور ہیڈکوارٹرز کے تحت 257 کسانوں کو 685 ملین روپے کا بلا سود قرضہ فراہم کیا گیا تھا۔