ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں: وزیر خزانہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بروقت منصوبہ بندی، متنوع درآمدی حکمت عملی اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے کی بدولت عالمی اتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم رہی ہے ۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں توانائی کی فراہمی کی صورت حال اور عالمی سطح پر تیل اور گیس کی منڈیوں میں جاری تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں قومی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی آئندہ دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور شرکا کو بتایا گیا کہ خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، جنہیں درآمدی معاہدوں اور جاری پیداوار کی بدولت تقویت حاصل ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ درآمدی ٹرمینلز سے لے کر ریفائنریز، ذخیرہ گاہوں اور ریٹیل آؤٹ لیٹس تک سپلائی چین معمول کے مطابق اور مستحکم انداز میں کام کر رہی ہے، جس سے ملک بھر میں ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بحری اور لاجسٹک نظام کے ذریعے ایندھن کی ترسیل مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے، مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کے کارگو بڑی حد تک یقینی بنائے جا چکے ہیں جبکہ مزید کھیپیں بھی منصوبہ بندی میں شامل ہیں تاکہ ذخائر کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ریفائنریز اپنی معمول کی استعداد کے مطابق کام کر رہی ہیں اور خام تیل کی مؤثر پراسیسنگ کے لیے اقدامات جاری ہیں، کمیٹی کو عالمی توانائی منڈیوں میں قیمتوں کے رجحانات اور ان کے ملکی سطح پر اثرات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مربوط حکمت عملی اور دانش مندانہ منصوبہ بندی جاری رکھا جائے گی۔