وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرلیں
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرلیں۔
وزیراعظم کی ٹاسک فورس کے تحت اصلاحاتی عملدرآمد کمیٹی دسمبر2024 میں قائم کی گئی تھی، اصلاحاتی عملدرآمد کمیٹی میں وزارتِ دفاع، بحری اور لاجسٹکس شعبوں بشمول این ایل سی کے ماہرین اور دیگرمتعلقہ اداروں کے نمائندگان شامل تھے۔
ٹاسک فورس نے بحری شعبے میں مجموعی طور پر 99 اصلاحات کی سفارشات پیش کی تھیں، کمیٹی نے بندرگاہوں کے ماسٹر پلان، جہاز رانی، جہاز سازی، شپ ری سائیکلنگ اور ماہی گیری سے متعلق اصلاحات پر عملدرآمد کا آغاز کیا۔
ڈیڑھ سال کے قلیل عرصے میں اصلاحاتی عملدرآمد کمیٹی نے 99 میں سے 85 ایکشن پوائنٹس مکمل کر لیے ہیں، دیگر 14 نکات میں سے 11 تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ 3 پر طویل المدتی حکمتِ عملی کے تحت کام جاری ہے۔
تکمیل شدہ اصلاحات میں قومی بندرگاہوں کے ماسٹر پلان کی تیاری، یکساں پورٹ ٹیرف کا نفاذ اور ٹرانزٹ تجارت شامل ہیں۔
اصلاحات میں بندرگاہوں کی استعداد میں اضافہ، اقتصادی زونز کی نگرانی کیلئے جدید نظام، کراچی پورٹ کی اراضی سے تجاوزات کا خاتمہ بھی شامل ہے۔
اصلاحات میں ٹرانس شپمنٹ اور بنکرنگ کیلئے کسٹم رولز کیساتھ ساتھ مقامی جہاز سازی و مرمت کے نظام کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔
صوبائی سطح پر ماہی گیری کے فروغ کیلئے پانچ سالہ منصوبہ کو حتمی شکل دی گئی جبکہ 8 سال بعد جہازوں کی ری سائیکلنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔
اصلاحات کے باعث بندرگاہوں کی ڈریجنگ میں خود انحصاری کی جانب اہم قدم کے طور پر نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز کا قیام عمل میں لایا گیا۔