ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے نمیبیا کو 41 رنز سے شکست دے دی

انٹیگوا: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں انگلینڈ نے نمیبیا کو 41 رنز سے شکست دے دی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں سر ویون رچرڈ کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔

انگلینڈ کی اننگز

بارش ہونے کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا جس کے باعث میچ کی دونوں اننگز کو 11، 11 اوورز تک محدود کر دیا گیا، انگلینڈ کی پہلی اننگز جاری تھی کہ اس دوران دوبارہ بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑا اور ایک ایک اوور کم کر دیا گیا۔

انگلش ٹیم نے کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور کھلاڑیوں نے مقررہ 10 اوورز میں 122 رنز بنائے، کپتان جوش بٹلر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے، ہیری بروک 47، جونی بیرسٹو 31 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

معین علی نے 16، فلپ سالٹ نے 11 اور لیام لیونگسٹون نے 13 رنز بنائے، نمیبیا کی جانب سے روبن ٹرمپل مین نے 2، ڈیوڈ ویسے اور برنارڈ سکالٹز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نمیبیا کی اننگز

123 رنز کے جواب میں نمیبیا کی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا آغاز کیا، اوپنرز مائیکل وان لنگن نے 3 چھکوں ایک چوکے کی مدد سے 29 گیندوں پر 33 رنز بنائے، ان کا ساتھ دینے والے نکولس ڈیون نے 16 بالز پر 18 سکور کیے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے ڈیوڈ ویسے نے بھی ہدف پورا کرنے کیلئے بھرپور جان لڑائی مگر وہ بھی ناکام رہے، انہوں نے 12 بالز پر 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 انگلش سکواڈ

انگلش ٹیم کی قیادت جوش بٹلر نے کی جبکہ فلپ سالٹ، ہیری بروک، جونی بیرسٹو، معین علی، لیام لیونگسٹون، سیم کرن، جوفرا آرچر، عادل رشید، کرس جورڈن اور ریس ٹوپلی ٹیم کا حصہ تھے۔

نمیبیا کا سکواڈ

نمیبیا کی ٹیم کی کپتانی کے فرائض گرہارڈ ایراسمس سرانجام دیئے دیگر کھلاڑیوں میں مائیکل وان لنگن، نکولس ڈیون، جین فری لنک، جے جے سمت، ڈیوڈ ویسے، زین گرین، روبن ٹرمپل مین، جین پیئر کوٹزے، جیک براسلیس اور جے پی کولٹز شامل تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں