چیمپئنز ون ڈے کپ: سٹالینز نے لائنز کو 133 رنز سے ہرا دیا
فیصل آباد: (دنیا نیوز) چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوسرے میچ میں سٹالینز نے لائنز کو 133 رنز سے شکست دیدی۔
سٹالینز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز سکور کیے، سٹالینز کے بلے باز بابر اعظم 79 گیندوں پر 76 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سٹالینز کی جانب سے طیب طاہر نے 74، کپتان محمد حارث نے 55، شا ن مسعود نے 41 اور یاسر خان نے 13 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت 50 اور جہانداد خان 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
لائنز کی جانب سے شاہین آفریدی اور عامر جمال نے 2،2 جبکہ فیصل کریم نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
337رنز کے ہدف کے تعاقب میں لائنز کی پوری ٹیم 203 بنا کر ڈھیر ہوگئی، لائنز کی جانب سے امام الحق78رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، شارون سراج نے 28اور عامر یامین نے 22رنز بنائے۔
سٹالینز کی جانب سے حارث رؤف نے 3 ، محمد علی اور جہانداد خان نے دو،دو جبکہ ابرار احمد ، حسین طلعت اور مہران ممتاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔