بنگلادیش بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ نہ کھیلنے کے فیصلے پر ڈٹ گیا

ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے سے متعلق اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

بنگلادیش کے سپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل نے کہا کہ بھارت کے علاوہ کسی بھی ملک میں کھیل سکتے ہیں، سری لنکا، پاکستان یا یو اے ای میں میچز ہوں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کولکتا نہیں پورا بھارت مسئلہ ہے، بھارت میں بنگلا دیشی شائقین کو بھی سکیورٹی خدشات ہیں، آئی سی سی بھارت کے دباؤ میں نہ آئے ،ایک عالمی تنظیم ہونے کا ثبوت دے۔

آصف نذرل نے کہا کہ کرکٹ کسی ایک ملک کی جاگیر نہیں، آئی سی سی بنگلہ دیش کے سیکیورٹی خدشات کو مکمل طور پر سمجھنے میں ناکام رہا ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ابھی جواب نہیں آیا، آئی سی سی کے ساتھ تمام ثبوت اور ضروری دستاویزات شیئر کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تمام تحفظات کے حوالے سے آئی سی سی کو آگاہ کر دیا ہے، ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہمیں حکومت کی ہدایت کے مطابق چلنا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں