پہلا ٹی 20: جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 10 رنز سے ہرا دیا
ملتان: (دنیا نیوز) ویمنز ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 10 رنز سے شکست دیدی۔
ملتان میں ہونیوالے پاک جنوبی افریقا ویمنز ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی جانب سےتزمین برٹس 56 اور سن لوس 27رنز بنا کر نمایاں رہیں، ماریزان کپ نے 14 اور چلو ٹریون نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 3 جبکہ ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ویمنز کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنا سکی، عالیہ ریاض 52 اور کپتان فاطمہ ثناء نے 37 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ماریزان کپ اور تمی سکھونے نے 2،2 جبکہ سیشنی نائیڈو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے باقی دونوں میچز بھی ملتان میں 18 اور 20 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔