بھارت کے میچز کیلئے نیوٹرل وینیو اتوار تک فائنل کرلیں گے: محسن نقوی

کراچی :(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے میچز کیلئے نیوٹرل وینیو اتوار تک فائنل کرلیں گے۔

ہفتہ کی رات چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیشنل سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ نیشنل سٹیڈیم میں 4 سے 5 چیزیں کر رہے ہیں، بلڈنگ نئی بن رہی ہے اور جنگلا تبدیل کر رہے ہیں جبکہ سٹیڈیم کے قریب 2700 گاڑیوں کی پارکنگ بنا رہے ہیں، گاڑیوں کی پارکنگ سے دور گاڑی کھڑی کرنے کا مسئلہ حل ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ آپ لوگوں کو اچھا سٹیڈیم ملے گا، کراچی کے سٹیڈیم کا کام لاہور کے مقابلے میں تیزی سے ہورہا ہے، دو بڑی سکرین اور ایل ای ڈی لائٹ لگا رہے ہیں اور 15 جنوری تک کام مکمل کر لیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے میچز کیلئے نیوٹرل وینیو کل تک فائنل کرلیں گے اور ہماری بات چیت چل رہی ہے ، آج رات یا کل تک فائنل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے سے متعلق زیادہ بات نہیں کرسکتا، شیڈول کا اعلان آئی سی سی نے کرنا ہے، ہم نے رائے دی ہے، اگلے تین سال تک ہم بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے، اگر پاکستان بھی فائنل میں گیا تو نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی سے پوچھیں ، جو پرفارم کررہا ہے وہی ٹیم میں کھیلے گا، میرا کوئی فیصلہ نہیں، ہیڈ کوچ کا کام کوچنگ کرنا، سلیکٹرز کاکام سلیکشن کرنا ہے، سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو ممبر سلیکشن کمیٹی بنایا تھا، سلیکشن کا مکمل اختیار نہیں دیا تھا، سلیکشن کمیٹی میں کوئی ایک ممبر ساری ٹیم کا فیصلہ نہیں کرسکتا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں