کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں 2 اغوا کار ہلاک، دو فرار
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 7 کریک ایونیو کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 اغوا کار ہلاک جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی نعشوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہلاک ملزمان کی شناخت عقیل احمد اور اعجاز کے ناموں سے ہوئی، ملزمان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ ملزمان نے گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 سے ضعیف العمر شخص نذیر احمد قریشی کو اغواء کیا تھا، ہلاک ملزمان کے قبضے سے مغوی کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم شعیب خاصخیلی عادی جرائم پیشہ تھا، ملزم کی فائرنگ سے پولیس اہلکار محفوظ رہا، ملزم کیخلاف مختلف تھانوں میں 18 مقدمات درج ہیں، ہلاک ملزم کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔