امیتابھ بچن کی شاہ رخ خان کی مشکلات کا سامنا کرنے، آگے بڑھنے کی تعریف

ممبئی: (دنیا نیوز) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کی مشکلات کا سامنا کرنے کی صلاحیت اور مسلسل آگے بڑھنے کے جذبے کی تعریف کی ہے۔

دونوں سپر اسٹارز سے متعلق یہ گفتگو ’کون بنے گا کروڑ پتی سیزن 18‘ کی تازہ قسط میں اداکار راج کمار راؤ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے دوران ہوئی۔

پروگرام میں راج کمار راؤ نے بھی شاہ رخ خان کے حوالے سے اپنے ابتدائی دنوں کی یادیں شیئر کیں۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے راج کمار نے بتایا کہ کم عمری ہی میں انہوں نے اداکاری کو اپنا پیشہ بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

راج کمار راؤ نے بتایا کہ ان کی والدہ کے کمرے میں امیتابھ بچن کا پوسٹر لگا ہوا تھا اور طویل عرصے تک بچن ان کے لیے ایک مثالی اداکار رہے۔

شاہ رخ خان کا ذکر کرتے ہوئے راج کمار راؤ نے بتایا کہ ممبئی میں اپنے ابتدائی برسوں کے دوران وہ اس بات سے متاثر تھے کہ دہلی کے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا ایک شخص تھیٹر اور ٹیلی ویژن کے راستے بالی ووڈ تک پہنچا اور اپنی شناخت بنائی۔

انہوں نے بتایا کہ ان دنوں شاہ رخ خان سے اپنی عقیدت کے اظہار کے طور پر وہ اکثر ان کے گھر ’منت‘ کے باہر کھڑے ہوا کرتے تھے۔

راج کمار کی گفتگو کے بعد امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق شاہ رخ ان لوگوں میں سے ہیں جو کسی مشکل صورت حال میں آسانی سے ہار تسلیم نہیں کرتے۔

امیتابھ بچن نے کہا کہ شاہ رخ خان کی ایک نمایاں خوبی یہ ہے کہ وہ اپنے آس پاس موجود لوگوں کا حوصلہ بڑھاتے ہیں اور مشکل وقت میں ان کے اعتماد کو بحال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

امیتابھ بچن کے مطابق مسئلہ چاہے کوئی بھی ہو، شاہ رخ خان سامنے والے شخص سے بات کرتے ہیں اور اس کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ یوں پروگرام میں راج کمار راؤ کی پرانی یادوں سے شروع ہونے والی گفتگو شاہ رخ خان کی جدوجہد اور ان کے ساتھی فنکاروں پر اثرات کے تذکرے تک جا پہنچی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...