ٹیکس نظام میں اصلاحات: ایف بی آر کا نیشنل فیس لیس سینٹر قائم
اسلام آباد:(دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نظام میں اصلاحات کے تحت اسلام آباد میں نیشنل فیس لیس سینٹر قائم کردیا۔
ایف بی آر کے مطابق نئے نظام کے تحت ٹیکس گزار اور ٹیکس افسر کے درمیان براہِ راست رابطہ ختم ہوگا، جبکہ ٹیکس کیسز کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ اور رسک بیسڈ نظام کے ذریعے کیا جائے گا، ٹیکس کیسز خودکار طریقے سے ملک بھر کے متعلقہ افسران کو تفویض ہوں گے اور ٹیکس گزار کو کیس پر تعینات افسر کے بارے میں علم نہیں ہوگا۔
حکام کا کہنا تھا کہ کسی افسر کو کیس کے انتخاب یا تفویض میں اختیار حاصل نہیں ہوگا، ہر کیس آڈٹ، اسیسمنٹ اور کوالٹی کنٹرول کے تین مراحل سے گزرے گا، جبکہ کسی ایک افسر کو ٹیکس گزار کے کیس پر مکمل اختیار حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نئے فیس لیس نظام کے تحت تمام نوٹس، جوابات اور سماعتیں الیکٹرانک طریقے سے ہوں گی اور کیسز ایف بی آر کے آئی آر ایس نظام میں نمٹائے جائیں گے، موقع پر تصدیق اور ٹیکس وصولی کے لیے علیحدہ فیلڈ ٹیم بھی کام کرے گی۔
ایف بی آر کا کہنا تھا نیشنل فیس لیس سینٹر کو قانونی اختیار فنانس ایکٹ 2026 سے حاصل ہے، جبکہ مرکز کی سربراہی چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کریں گے۔ فیس لیس آڈٹ، اسیسمنٹ اور کوالٹی کنٹرول کے لیے الگ شعبے قائم کیے جائیں گے۔
حکام نے مزید کہا کہ اصلاحات کا مقصد ڈیٹا کی بنیاد پر ٹیکس فیصلوں کا نظام متعارف کرانا ہے، جس سے ٹیکس کارروائی کو مزید شفاف، تیز اور یکساں بنانے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments