فیول سکیم پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں میں مؤثر رابطہ جاری ہے: بلال اظہر کیانی
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ فیول سکیم پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں میں مؤثر رابطہ جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد فیول ریلیف براہ راست حقدار شہریوں تک پہنچانا ہے، جس کے لیے اسکیم کے تحت شفاف طریقے سے مستحق افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا حکومت عوامی ریلیف کے اقدامات کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کر رہی ہے جبکہ فیول سکیم پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ جاری ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ریاست کسی کو بھی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی، اسلام آباد کو یرغمال بنانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی، عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ ایسی کوئی کوشش یا اقدام نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام راستے اور شاہراہیں کھلی ہیں، عوام کو ہر فتنے سے بچانے کی بھرپور کوشش کریں گے، اسلام آباد پر حملہ کرنے والوں کو روکنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments