سموگ کی وجوہات سامنے لانے کیلئے عالمی ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے عالمی ماہرین سےمدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت انسداد سموگ سے متعلق اجلاس ہوا، سموگ میں کمی کیلئے مصنوعی بارش کے بعدمحسن نقوی نے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے عالمی ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چین کے ماہرین ماحولیات کی خصوصی ٹیم اگلے ہفتے لاہور آئے گی،مستند تفصیلات سے ہی سموگ سے نمٹنے کیلئے جامع اقدامات کیے جا سکتے ہیں،سنی سنائی باتوں اور قیاس آرائیوں کے ذریعے سموگ پر قابو نہیں پا سکتے۔
محسن نقوی نے غیرمعیاری پٹرول و ڈیزل فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیرمعیاری پٹرول و ڈیزل فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کی بجائے سڑکوں سے مٹی کو مکمل طور پر صاف کیا جائے۔