حکومت محنت کشوں کی فلاح پر توجہ مرکز کیے ہوئے ہے: چودھری شافع حسین

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و رہنما مسلم لیگ ق چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ حکومت محنت کشوں کی فلاح اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ یکم مئی قوموں کی ترقی کیلئے محنت کشوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم مئی کا دن اپنے حقوق کے لئے جانیں قربان کرنے والے محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی میں محنت کش کا کلیدی کردار ہے، مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں، مزدوروں کی بدولت ہی معیشت اور انڈسٹری کا پہیہ چلتا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام نے عالمی لیبر قوانین سے صدیوں پہلے مزدور کے حقوق سے متعلق جامع اصول طے کردیئے تھے، محنت کش کو اللہ تعالیٰ کا دوست قرار دیا گیا ہے، ہمیں بھی مزدور کے ساتھ دوستی کا رشتہ مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، مزدوروں کی فلاح کے لئے تاریخ ساز اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں