چیمپئنز ٹرافی: پی ایس ایل2025 کے میچز 7 اپریل سے 20 مئی تک کرانے کی تجویز

لاہور:(دنیانیوز) پی ایس ایل 2025 کے میچز7 اپریل سے 20 مئی تک منعقد کرانے کی تجویز پیش کردی گئی۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ایڈیشن10 کا جائزہ لینے کے لیے پی سی بی اور فرنچائز مالکان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ایس ایل 2024 کو کامیاب ایونٹ قرار دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کو مزید دلچسپ اور کامیاب بنانے کے لیے پی سی بی نے تجاویز دے دیں جبکہ چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے پی ایس ایل 2025 کے میچز 7 اپریل سے 20 مئی تک منعقد کرنے کی تجویز پیش کی گئی، ان تجاویز میں کراچی ، ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں میچز کاانعقاد شامل ہے۔

اجلاس میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اضافی وینیوز تلاش کرے گا ، کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل کے چار پلے آف نیوٹرل وینیو پر منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی، پی ایس ایل کو مزید کامیاب اور مقبول بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ شائقین کو اس میں شامل کرنے کی غرض سے ایونٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں بھی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس اور لائیو سٹریمنگ میں اضافہ ہوا، ایچ بی ایل پی ایس ایل کو ایک کامیاب برانڈ کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جاچکا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں