اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ماحول دوست بسوں کا افتتاح

اسلام آباد: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ماحول دوست بسوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صرف 3 ماہ میں اسلام آباد میں پہلی بار آرام دہ اور ماحول دوست الیکٹرک بسیں چل پڑیں، محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کے لئے الیکٹرک بسوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی، ترکیہ کے حکام، این آر ٹی سی کے عاصم اسحاق، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

وزیرداخلہ نے الیکٹرک بسوں کا معائنہ کیا اور سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، محسن نقوی نے الیکٹرانک مشین سے ٹوکن لیا اور الیکٹرک بس میں سوار ہوئے، انہوں نے الیکٹرک بس میں سفر کیا اور بس کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مجموعی طور پر اسلام آباد میں 160 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں 33 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، 33 الیکٹرک بسیں آگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے سفیر، چین کے سفارت خانے اور این آر ٹی سی کے تعاون پر شکر گزار ہیں، روزانہ 16 ہزار شہری الیکٹرک بسوں پر سفر کریں گے، الیکٹرک بسوں کے لئے کنونشن سینٹر میں چارجنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بسیں صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک چلیں گی، الیکٹرک بسیں اسلام آباد کے شہریوں کیلئے ایک تحفہ ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو الیکٹرک بسوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں