مائیکرو سافٹ اور کراؤڈ سٹرائیک نے سروسز بحالی کے ٹولز جاری کر دیئے

نیویارک: (ویب ڈیسک) کمپیوٹرز سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ اور سائبر سکیورٹی کمپنی کراؤڈ سٹرائیک نے چند دن قبل سسٹمز میں آنے والی خرابی کی بحالی کیلئے آن لائن ٹولز جاری کر دیئے۔

کراؤڈ سٹرائیک امریکی سائبر سیکیورٹی کمپنی ہے جو مائیکرو سافٹ سمیت دیگر کمپنیوں کو سکیورٹی فیچرز کی خدمات پیش کرتی ہے۔

اسی کمپنی نے 19 جولائی کو مائیکرو سافٹ کمپیوٹرز پر اپنے سکیورٹی سافٹ ویئر (فیلکن سینسر سافٹ ویئر) کا اپڈیٹ بھیجا تو مائیکرو سافٹ ونڈوز میں مسئلہ ہوا اور دنیا بھر میں درجنوں بڑے بڑے اداروں کے کمپیوٹرز نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔

اب دونوں کمپنیوں نے خرابیوں کو دور کرنے کیلئے آن لائن ٹولز جاری کر دیئے ہیں۔

مائیکرو سافٹ نے آن لائن ٹولز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گوگل اور ایمازون سمیت دیگر اداروں کے ساتھ بھی مل کر کمپیوٹرز میں آنے والی خرابی کو دور کرنے میں مصروف ہے لیکن تمام کمپیوٹرز کی خرابی مینوئل طریقے سے ہوگی، خرابی کو سافٹ ویئر اپڈیٹ کے ذریعے دور نہیں کیا جا سکتا۔

مائیکرو سافٹ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ماہرین کی رہنمائی کیلئے آن لائن ٹولز کی فہرست جاری کر دی۔

اسی طرح کراؤڈ سٹرائیک نے بھی کمپیوٹرز میں آنے والی خرابی کو دور کرنے کیلئے مائیکرو سافٹ سے ملتے جلتے ٹولز جاری کر دیئے۔

کراؤڈ سٹرائیک اور مائیکرو سافٹ نے واضح کیا کہ کمپیوٹرز میں آنے والی خرابی سے کسی طرح کا کوئی ڈیٹا چوری یا ہیک نہیں ہوا اور مذکورہ خرابی معمول کے سافٹ ویئر اپڈیٹ بھیجے جانے سے ہوئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں