آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور انتظامیہ کے مذاکرات کامیاب، احتجاج ایک ماہ کیلئے مؤخر

لاہور: (دنیا نیوز) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور انتظامیہ کے مذاکرات کامیاب ہو گئے، پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کرا دی۔

سرکاری سکولوں کی نجکاری اور تنخواہ دار طبقے پر اضافی انکم ٹیکس سمیت دیگر مطالبات کیلئے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے پلیٹ فارم سے اساتذہ و سرکاری ملازمین تنظیموں نے مرکزی دفتر مسلم لیگ ن ماڈل ٹاؤن میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری سکولوں کی نجکاری پر سوچنا بند کرے، تنخواہ دار طبقے پر اضافی انکم ٹیکس کی واپسی کرے، غیر تدریسی ڈیوٹیاں ختم کی جائیں۔

آگیگا رہنماؤں نے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا، کامیاب مذاکرات کے بعد آگیگا نے احتجاج ایک ماہ کے لیے مؤخر کر دیا۔

آگیگا کے احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں