دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے سختی سے نمٹا جائیگا: عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں دفعہ 144 دہشتگردی کے پیش نظر لگائی گئی ہے، جو بھی قانون کی خلاف ورزی کریگا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنے کے نام پر شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، جو جماعت 2014 سے سڑکوں پر ہے تین دن گھروں میں آرام کر لے،تحریک انصاف کی سیاسی تاریخ سڑکیں اور چوک چوراہوں کے گرد ہی گھومتی ہے، پاکستان میں انتشار افراتفری اور ہیجان کی کیفیت پیدا کرنا ہی دھرنا پارٹی کا ایجنڈا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھے قیدی کا مشن دھرنوں کے ذریعے ہی اقتدار میں پہنچنا ہے لیکن اب پہلے جیسی سہولت کاری دستیاب نہیں اورنہ ہی دھرنے کے لیے وہ فنانسر میسر ہیں، آپ لوگوں کو اڑھائی گھنٹے والی بھوک ہڑتال ہی سوٹ کرتی ہے، 3 سے 7 والی ٹائمنگ بہتر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دھرنا پارٹی کے پاس احتجاج اور دھرنے کے لیے خیبر پختونخواہ موجود ہے،کچھ دن پہلے بنوں میں ہونے والے افسوسناک واقعے پر ابھی بھی قوم کے بہت سارے سوالات موجود ہیں،خیبر پختونخواہ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ان پر خرچ ہونے والا پیسہ اگلے پانچ سال تک دھرنوں اور احتجاج پر خرچ ہوگا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ مریم نواز پنجاب کے عوام کو سستی روٹی، سستا آٹا، مفت ادویات دے رہی ہیں،خیبر پختونخواہ کے عوام 11 سال سے انقلابی تقریریں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے سے پیٹ بھر رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں