مخصوص نشستوں کا کیس : پی ٹی آئی کا مزید وضاحت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے مخصوص نشستوں کے کیس میں مزید وضاحت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عزیر کرامت کے ذریعے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت واضح کرے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا اطلاق 12 جولائی کے آرڈر پر نہیں ہوتا، الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024ء 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر اثر انداز نہیں ہوتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اور سپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو خطوط درست قانونی پوزیشن واضح نہیں کرتے، دونوں اسمبلیوں کے سپیکروں کے خطوط کا 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ دونوں اسمبلیوں کے سپیکروں کے خطوط الیکشن کمیشن کی جانب سے نظر انداز کیے جانے چاہئیں، 14 ستمبر کے وضاحتی حکم نامے کی روشنی میں الیکشن کمیشن 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر عملدرآمد کا پابند ہے۔

بیرسٹر گوہر نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ معاملے کے زیرِ التواء ہونے تک الیکشن کمیشن کو کسی بھی جماعت کو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے سے روکا جائے، سپریم کورٹ کی جانب سے ان تمام پہلوؤں کی وضاحت جاری کی جائے۔

 واضح رہے کہ چند روز قبل سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی جماعتوں کو الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا کہا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں