وزیراعظم کا7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اظہار اطمینان
اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا کو جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، اگر یونہی محنت جاری رہی تو انشا اللہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ سفارتی محاذ پر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ ان کی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، جس پر پاکستانی برادی کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف پیکیج کے حوالے معاونت فراہم کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات اور مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سمیت ان کی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
محمد شہباز شریف نے پوری حکومتی معاشی ٹیم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک، پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ، سیکرٹری خزانہ کی اس حوالے سے کوششوں اور محنت کو بھی سراہا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے بھی اظہار تشکر کرتے ہیں۔