ڈبل ٹیکسیشن ٹریٹی نظر ثانی کیس: سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ تشکیل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈبل ٹیکسیشن ٹریٹی نظر ثانی کیس کی سماعت کے لیے 3 رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ بنچ کی سربراہی کریں گے جبکہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس نعیم اختر افغان بنچ میں شامل ہوں گے۔
سپریم کورٹ میں آج ڈبل ٹیکسیشن نظرِ ثانی کیس کی سماعت مقرر تھی، اس موقع پر وکیل سعد ہاشمی نے دوران سماعت جسٹس منصور کو شامل کر کے نیا بنچ تشکیل دینے کی استدعا کی۔
وکیل سعد ہاشمی نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے استدعا کی کہ ڈبل ٹیکسیشن کیس کے فیصلے میں جسٹس منصور علی شاہ نے اختلافی فیصلہ دیا، آپ نے کیس کا فیصلہ تحریر کیا تھا، سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے آپ کے فیصلے سے اتفاق کیا تھا، نظرِ ثانی بنچ میں اختلافی فیصلہ لکھنے والے جسٹس منصور کو بھی شامل کیا جائے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ کو بنچ میں شامل کر لیتے ہیں، نظرِ ثانی کے تیسرے جج جسٹس نعیم اختر افغان ہوں گے۔
سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ اب 21 اکتوبر کو نظرِ ثانی کیس کی سماعت کرے گا۔