ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں اضافہ،ایک ہفتے میں 19 اشیاء مہنگی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں پھر سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کےد وران مہنگائی کی شرح صفر اعشاریہ 28 فیصد بڑھ گئی، ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 15 اعشاریہ 2 فیصد ہوگئی، ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء مہنگی جبکہ9 کی قیمتیں کم ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 30 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، گزشتہ ہفتے کے دوران دال مونگ 30 روپے 47 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، 20 کلو آٹے کا تھیلا 38 روپے 31 پیسے جبکہ ایل پی کی کا گھریلو سلنڈر47 روپے 8 پیسے مہنگا ہوا۔

اسی طرح لہسن، چکن، انڈے، مٹن، بیف اور بچوں کا دودھ مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پیاز فی کلو 11 روپے 74 پیسے جبکہ کیلے 3 روپے 49 پیسے فی درجن سستے ہوئے، چینی، گڑ، دال ماش، چاول اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جبکہ بریڈ، تازہ دودھ، دہی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم ہوئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں