آئینی ترمیم پر مولانا سے اتفاق رائے ہوچکا، جلد نتیجے پر پہنچ جائیں گے: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان سے ہمارا اتفاق رائے ہوچکا ہے، جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج پاکستان تحریک انصاف اور حمایتی جماعتوں کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی، 26 ویں آئینی ترمیم پر ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، کل ہم اس نتیجے پر پہنچ گئے تھے کہ ہمارا اتفاق رائے ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم میں شامل شقوں پر مولانا سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، یہ حکومت کی طرف سے چوتھا ڈرافٹ شیئر کیا گیا ہے، ہماری بات چیت ابھی بھی جاری ہے، ہم بہت جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے ان سے ہدایت لیں گے، آج ہم درخواست دے کر کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی کوشش کریں گے، عمران خان کی ہدایت کےمطابق ہی ہم آگےبڑھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو بھی مولانا کی رہائشگاہ آئے تھے، وہ مولانا کے گھر میں کسی دوسرے کمرے میں بیٹھے تھے، ہماری بلاول بھٹو سے صرف سلام دعا ہوئی ہے ڈرافٹ پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔