پنجاب حکومت سموگ کنٹرول کرنے کیلئے کوتاہی نہیں برتے گی: مریم اورنگزیب
لاہور : (دنیانیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہوریوں کو سموگ کے خلاف اعلان جنگ کرنا ہوگا جبکہ پنجاب حکومت سموگ کنٹرول کرنے کیلئے کوتاہی نہیں برتے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ڈویژن کا سموگ کا مسئلہ ہم سب کے سامنے ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام متعلقہ سیکٹرز کو میز پر بٹھایا، تمام سیکٹرز کو ٹائم لائن کے مطابق کام دیا گیا، بھٹے اور انڈسٹریل زون کے مطابق ٹائم لائن دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ،انوائرمنٹل پروٹیکشن ادارے کے ذریعے تاریخی سلسلہ شروع کیا گیا، ہماری سموگ سے متعلق آگاہی مہم بھی چل رہی ہے، ہمیں اے کیو لیول کو بہتر کرنے میں آٹھ سے 9سال لگیں گے، پہلے بھٹوں کو صرف چالان کیا جاتا ہے، پہلی بار تقریبا ً 700بھٹو ں کو نوٹسز کے بعد گرایا گیا، بھٹوں سے کالا دھواں چھوڑنے پر زیرو ٹالرنس ہے، بھٹوں کو ذک ذیگ ٹیکنالوجی پر بھی منتقل کرایا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تقریباً 15ہزار دورے کیے گئے، 700سے زائد انڈسٹری یونٹس کو سیل کیا گیا، کسی سفارش کو نہیں مانا گیا، پہلی بار سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا چالان کیا جارہا ہے، اس سیزن میں دھواں چھوڑنے والی گاڑی ،موٹرسائیکل پر زیرو ٹالرنس ہے۔
سینئرصوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ کنسٹرکشن مٹیریل جب لاہور میں شامل ہوگا تو اس پر بھی ایس او پیز ہوں گے، لاہور کے شہری پلاسٹک بیگز کے استعمال پر اپنی ذمہ داری ادا کریں، پلاسٹک بیگ پر قابوپانا مشکل ہے ناممکن نہیں۔
لیگی رہنمانے مزید کہا کہ لاہور میں 45لاکھ موٹرسائیکل ہیں، موٹر بائیک کا دھواں بھی اس سموگ میں شامل ہے، موٹربائیکس پر بھی ایس او پیز کا نٖفاذ ہوتا ہے، لاہور کا گرین ایریا اس وقت صرف 3.33فیصد ہے، لاہور والوں کیلئے سال کے 275دن بہت نقصان دہ انوائرمنٹ ہوتا ہے۔
مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر اور ڈرونز کے ذریعے سرویلنس شروع کیا ہے، پولیس ،ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے اس وقت کوششیں جاری ہیں، بھٹے کا مالک اپنی ذیک ذیگ ٹیکنالوجی کو ٹھیک نہیں کررہا، ہمار ی اپنی گاڑیوں اور موٹربائیکس میں سے دھواں نکل رہا ہے۔