چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 28 اکتوبر کو فل کورٹ اجلاس بلا لیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 28 اکتوبر کو ججز کا فل کورٹ اجلاس بلا لیا۔
نومنتخب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، سپیکر قومی اسمبلی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور، گورنر کے پی فیصل کریم، گورنر پنجاب سلیم حیدر، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔
ان کے علاوہ حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک سمیت دیگر ججز اور سینئر وکلا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔
چیف جسٹس نے چیمبر سنبھا ل لیا
حلف برداری کےبعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سپریم کورٹ پہنچے اور اپنا چیمبر سنبھال لیا، سپریم کورٹ آمد پر چیف جسٹس کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا جبکہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے چیف جسٹس کو گلدستہ پیش کیا۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اپ ڈیٹ
نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ بھی اپڈیٹ کردی گئی، ویب سائٹ پر قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام بطور چیف جسٹس پاکستان اپڈیٹ کر دیا گیا، ویب سائٹ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے بعد سینئر موسٹ جج جسٹس منصور علی شاہ ہیں۔