انسداد سموگ : پنجاب میں فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ٹائرجلانے پر پابندی عائد
لاہور : (ویب ڈیسک ) پنجاب بھر میں انسداد سموگ کے تحت فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ٹائر جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
سموگ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام ڈی سیز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات سونپ دئیے، ڈی سیز کو سموگ کنٹرول کرنے کیلئے ضروری و ہنگامی اقدامات کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں، سموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے تمام ڈی سیز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد سموگ کے لئے فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی ہو گی، سالڈ ویسٹ، کوڑا کرکٹ، شاپنگ بیگز، ٹائر اور پلاسٹک جلانے پر پابندی ہو گی، غیرمعیاری ایندھن کی فروخت اور استعمال پر بھی پابندی ہو گی، ٹریفک رکاوٹ کا باعث بننے والی پارکنگز کا خاتمہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پانی کے بغیر سٹون کرشرز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، ڈی سیز سڑکوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔