سموگ کا خطرہ، اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش
اسلام آباد: (حریم جدون) اسلام آباد میں سموگ کے خطرے کے پیش نظر پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کردی۔
پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے حکومت خط میں سفارش کی ہے کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے اسلام آباد میں چار ماہ تک دفعہ 144 نافذ کی جائے، بھٹوں سے دھویں کے اخراج، ٹھوس فضلے اور زرعی فضلے کوجلانے پر بھی پابندی لگائی جائے، خلاف ورزی کی صورت میں ای پی اے ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔
انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق خشک اور سرد موسم کے دوران سموگ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، مشرقی اور وسطی پنجاب سب سے زیادہ سموگ سے متاثر ہوتے ہیں، آنیوالے دنوں میں میدانی علاقوں اور پوٹھوہار ریجن میں ایئر کوالٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، سموگ سے اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور اور دیگر شہر متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ سموگ کا دورانیہ نومبر سے شروع ہو کر فروری تک رہتا ہے، سموگ کے انسانی صحت، ماحولیات اور ملکی معیشت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، ان اقدامات میں گاڑیوں سے دھویں کے اخراج، ٹھوس فضلے اور زرعی فضلے کو جلانے سے روکنا شامل ہے،ضلعی انتظامہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ایجنسی کی مدد کرے۔