توشہ خانہ کیس: بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد از گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے توشہ خانہ کیس ٹو میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد از گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔
ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ضمانت منظوری کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظوری کا فیصلہ غیر قانونی اور ریکارڈ کے برخلاف ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے ضمانت بعد از گرفتاری کے اصولوں اور گائیڈ لائنز کو مدنظر نہیں رکھا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمے کو ٹھیک طرح سے نہیں سمجھا۔
ایف آئی اے کے مطابق بشریٰ بی بی نے اپنے خاوند کیساتھ مل کر عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، بشریٰ بی بی نے اپنے خاوند کیساتھ مل کر ریاستی تحفے بلغاری جیولری سیٹ کا غلط استعمال کیا، بشریٰ بی بی کے خاوند کے اختیارات کے غلط استعمال سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کیخلاف استغاثہ کے شواہد کو نظر انداز کردیا اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریکارڈ پر موجود قابل جرم شواہد کو نظر انداز کرتے ہوئے ضمانت فراہم کی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 23 اکتوبر کا ضمانت منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، بشریٰ بی بی کو فراہم کی گئی ضمانت بعد از گرفتاری کو منسوخ کرکے ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے جائیں۔