پی آئی اے کو کوڑیوں کے بھاؤ نہیں بیچنے دینگے: علی امین گنڈاپور
پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو کوڑیوں کے بھاؤ نہیں بیچنے دیں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم پی آئی اے کو خرید کر اسی نام سے چلائیں گے، پی آئی اے کو یہ لوگ خود خریدنا چاہتے ہیں، پی آئی اے کو سستے داموں بیچ کر خود خریدار بنے ہوئے تھے،قومی ایئرلائن کی بولی میں جہاں تک جانا پڑا جائیں گے، ہم چندہ ڈال کر پی آئی اے کو خریدیں گے لیکن انہیں نہیں خریدنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد پاس کرکے صوابی جلسے کے بعد آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے، ہم نے فائنل کال دینی ہے، یہ نظام مزید تباہی کی طرف چل رہا ہے، فائنل کال دے کر پورے پاکستان کو بند کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فائنل کال فیصلہ کن مارچ کی دینگے، پورا پاکستان نکلے گا اور اس حکومت سے جان چھڑائیں گے، ملک کی معیشت کا کباڑا نکال دیا ہے، سب ادارے بیچتے جارہے ہیں،اس مرتبہ سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس دو سرکاری ہیلی کاپٹر ہیں، ٹک ٹاک پر بڑی بڑی باتیں کرنے والے پیسے دیکر اشتہار چلاتے ہیں، آئی ایم ایف کی رپورٹ پڑھ لیں کے پی نے مقرر ہدف حاصل کیا ہے باقی تمام صوبے ناکام ہیں، تمام صوبے خسارے میں ہیں صرف خیبرپختونخوا سرپلس ہے۔