قومی مالیاتی معاہدے پر اقدامات کے جائزہ کیلئے آئی ایم ایف مشن سے آج مذاکرات
اسلام آباد: (مدثر علی رانا) قومی مالیاتی معاہدے پر اقدامات کے جائزہ کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مشن سے آج مذاکرات شیڈول ہیں، آئی ایم ایف وفد قومی مالیاتی معاہدہ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیکر تجاویز دے گا۔
دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف وفد آج صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سے اہم مذاکرات کرے گا، قومی مالیاتی معاہدے کے تحت زرعی آمدن پر ٹیکس قانون سازی کا جائزہ لیا جائے گا، صوبوں کی جناب سے اشیاء پر سیلز ٹیکس وصولی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ منی لانڈرنگ، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق صوبوں نے جنوری 2025 سے زرعی آمدن پر انکم ٹیکس عائد کرنا ہے، زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کارپوریٹ سیکٹر کی طرز پر 45 فیصد تک عائد کیا جائے گا۔
صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ سالانہ 60 لاکھ تک زرعی آمدن پر 45 فیصد تک ٹیکس عائد کیا جائے گا، صوبے زرعی آمدن پر ٹیکس عائد کر کے محصولات میں اضافہ کریں گے۔